تنقید اور مخالفت کے باوجود ممدانی کا 9/11 یادگاری تقریب میں شرکت کا اعلان
نیویارک: نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے 11 ستمبر 2001 کے دہشتگرد حملوں کے متاثرین کی یاد میں ہونے والی سالانہ 9/11 یادگاری تقریب میں شرکت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمعہ کو منعقد ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے۔
ممدانی کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 9/11 حملوں کے بعض متاثرین کے اہلخانہ، سابق اہم عہدیداروں اور ریپبلکن رہنماؤں کی جانب سے ان پر تقریب میں شرکت نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
میئر کی شرکت کی مخالفت کی بڑی وجہ ان کی جانب سے رمزی قاسم کو نیویارک سٹی کا چیف لیگل کونسل مقرر کرنا ہے۔ ناقدین نے قاسم کی سابق قانونی خدمات پر سوالات اٹھاتے ہوئے ان کے ماضی کے بعض مقدمات کی نمائندگی کا حوالہ دیا ہے۔
ممدانی کے خلاف بعض 9/11 متاثرین کے رشتہ داروں کی جانب سے ایک پٹیشن بھی شروع کی گئی ہے، جس میں ان سے سالانہ یادگاری تقریب میں شرکت نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مہم کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ پٹیشن پر بڑی تعداد میں دستخط کیے گئے ہیں، جبکہ سابق نیویارک گورنر جارج پٹاکی اور سابق میئر روڈی جولیانی سمیت بعض شخصیات نے بھی ممدانی کی شرکت پر اعتراض کیا ہے۔
دوسری جانب زوہران ممدانی نے تقریب میں شرکت کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد سیاسی اختلافات کو اجاگر کرنا نہیں بلکہ سانحے میں جانیں گنوانے والے افراد، ان کے خاندانوں اور امدادی کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
ممدانی نے کہا کہ اس موقع پر ان کی توجہ ان فرسٹ ریسپانڈرز پر ہوگی جنہوں نے حملوں کے دوران اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی مدد کی اور بعد میں شہر کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ 11 ستمبر کی یاد سیاسی اختلافات کے بجائے ان خاندانوں کے غم اور قربانیوں کے اعتراف کا موقع ہونی چاہیے جنہوں نے اپنے پیارے کھو دیے۔
گزشتہ ہفتے ممدانی نے دو انتظامی احکامات پر دستخط کیے تھے، جن میں سے ایک کے تحت ہر سال 11 ستمبر کو ’’سٹی وائیڈ ڈے آف ریمیمبرنس اینڈ سروس‘‘ قرار دیا گیا، جبکہ دوسرے حکم کا مقصد شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار کو جدید بنانا ہے۔
ممدانی نیویارک شہر کے پہلے مسلمان میئر ہوں گے جو سرکاری طور پر منعقد ہونے والی 9/11 یادگاری تقریب میں شرکت کریں گے۔ تقریب میں متاثرین کے اہلخانہ، امدادی کارکن اور شہر کی اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی تقریب میں شرکت متوقع ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔








