گڑھی موسم خان میں خواتین سے مبینہ زیادتی، 4 ملزمان گرفتار

گڑھی موسم خان میں خواتین سے مبینہ زیادتی، 4 ملزمان گرفتار

پشاور کے علاقے گڑھی موسم خان میں خواتین سے مبینہ جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ رحمان بابا کی حدود میں پیش آیا، جہاں ایک شہری کی دو بیویوں کو مبینہ طور پر زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر مدعی کی جانب سے تھانہ رحمان بابا میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

ایس ایس پی آپریشنز پشاور اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی نگرانی جبکہ ایس پی صدر ڈویژن کی سربراہی میں ٹیموں نے جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ ڈی ایس پی رحمان بابا، ایس ایچ او اور تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیموں نے مختلف پہلوؤں سے شواہد کا جائزہ لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی کے بعد چند گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے چاروں مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے واردات میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

خصوصی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کرکے اہم شواہد اکٹھے کیے، جنہیں مزید قانونی اور سائنسی تجزیے کے لیے محفوظ کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

More News