کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستے اور آسان اقساط پر گھر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہاؤسنگ، زراعت اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے لیے قرضوں کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 کے جائزہ اجلاس میں ’وزیراعظم اپنا گھر‘ پروگرام سمیت زراعت اور چھوٹے و درمیانے کاروباری شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو کسانوں، چھوٹے اور درمیانے کاروبار اور ہاؤسنگ کے شعبے کو مالی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان بینکوں کی حوصلہ افزائی کرے گی جو قرضوں کی فراہمی کے حکومتی اہداف کے حصول میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے زرعی شعبے کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو مالی وسائل تک آسان، بروقت اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی سرکاری اور دیگر موزوں جائیدادوں کا جامع سروے کیا جائے جنہیں ’وزیراعظم اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت گھر تعمیر کرنے کے خواہش مند افراد کو بینک قرض فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ’وزیراعظم اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313 ارب 42 کروڑ روپے ہے، جبکہ 8 ہزار 739 درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر 45 ارب 43 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایسے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے ایک نظام تیار کیا جا رہا ہے جو بینکوں کی رہن کی شرائط پر پورا اترتے ہوں۔ اس نظام کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد سے شروع کیا جائے گا، جبکہ پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے معروف ہاؤسنگ ڈویلپرز کو بھی شامل کرنے کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ فنانس تک رسائی میں بہتری سے کم اور متوسط آمدن رکھنے والے شہریوں کے لیے اپنا گھر بنانے کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔








