شہر قائد میں ایم پاکس کا ایک اور کیس رپورٹ
کراچی میں ایم پاکس (منکی پاکس) کا ایک اور کیس سامنے آگیا، جس کے بعد رواں سال سندھ میں اس وائرس سے متاثرہ تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ شخص کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کا 45 سالہ رہائشی ہے۔
ہسپتال حکام کے مطابق متاثرہ شخص کو سندھ انفیکشن ڈیزیز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں جسم پر دانے ظاہر ہونے کے بعد اس کا پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا۔ ٹیسٹ رپورٹ میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مریض کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
حکام کے مطابق رواں سال سندھ بھر میں ایم پاکس کے 42 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے 14 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔ نئے کیس کے سامنے آنے کے بعد صحت کے متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کی نگرانی جاری ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ایم پاکس ایک وائرل بیماری ہے جس میں عام طور پر بخار، جسم میں درد، سوجن اور جلد پر دانے یا چھالے ظاہر ہوسکتے ہیں۔ متاثرہ افراد کے ساتھ قریبی رابطے سے وائرس منتقل ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے، اس لیے مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔
صحت حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں خود علاج کے بجائے مستند طبی مرکز سے رجوع کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔








