پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کا شیڈول اور سکواڈز کا اعلان، میدان 12 ستمبر سے سجے گا

پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کا شیڈول اور سکواڈز کا اعلان، میدان 12 ستمبر سے سجے گا

پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے نئے سیزن کے شیڈول اور شریک ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے، ٹورنامنٹ کا آغاز 12 ستمبر سے ہوگا۔ ملک کی آٹھ ڈپارٹمنٹل ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

ٹورنامنٹ کے میچز پشاور، ایبٹ آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ عمران خان سٹیڈیم پشاور، ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم، ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد اور شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی مختلف میچز کی میزبانی کریں گے۔

پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون میں مجموعی طور پر سات راؤنڈز کھیلے جائیں گے، ہر راؤنڈ میں چار فرسٹ کلاس میچز ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 28 چار روزہ فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن پانچ روزہ فائنل 24 سے 28 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، جہاں دونوں بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مقابلہ کریں گی۔

پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون میں غنی گلاس، کے آر ایل، کنگز مین اکیڈمی، ایم آئی ٹی سلوشنز، او جی ڈی سی ایل، پی ٹی وی، ایس بی پی اور ایس این جی پی ایل کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ٹورنامنٹ کو پاکستان کے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کیلنڈر میں اہم حیثیت حاصل ہے، جبکہ مختلف شہروں میں میچز کے انعقاد سے شائقین کو معیاری فرسٹ کلاس کرکٹ دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

More News