خیبر پختونخوا میں 12 سے 17 ستمبر تک تیز بارشوں کا امکان

خیبر پختونخوا میں 12 سے 17 ستمبر تک تیز بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جبکہ گلیشیئرز والے علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث برف اور برفانی تودوں کے پگھلنے کے عمل میں تیزی آ سکتی ہے۔

موسمی صورتحال کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ گلیشیئر جھیلوں کے پھیلاؤ اور نئی جھیلوں کے بننے کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور مانسہرہ شامل ہیں۔

متعلقہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر پانی کے گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد بھی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

خصوصاً سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے دوران خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ گلیشیئرز اور برفانی علاقوں میں اچانک پانی کے بہاؤ یا دیگر قدرتی خطرات کے پیش نظر اضافی احتیاط اختیار کرنا ضروری ہے۔

حکام کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا ہنگامی حالت میں شہری اور سیاح متعلقہ امدادی اداروں سے فوری رابطہ کریں۔ خیبر پختونخوا ٹورازم ہیلپ لائن 1422 جبکہ ہنگامی صورتحال میں 911 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں اور شدید بارش کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت کو ترجیح دیں۔

More News