میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 61 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے
جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کا 61 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔ انہوں نے 12 ستمبر 1965 کو لاہور کے محاذ پر دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے 5 دن اور 5 راتیں دشمن کے مسلسل حملوں کا مقابلہ کرتے ہوئے برکی سیکٹر کا بھرپور دفاع کیا۔ ان کی ثابت قدم قیادت کے باعث دشمن لاہور کی جانب پیش قدمی نہ کرسکا۔
جنگ کے دوران دشمن کو بکتر بند گاڑیوں اور بھاری توپ خانے کی مدد حاصل تھی، تاہم میجر عزیز بھٹی شہید نے دفاع کے ساتھ دشمن کے خلاف بھرپور کارروائیاں بھی کیں اور بی آر بی نہر عبور کرنے والے اہم پل پر قابض دشمن کو پیچھے دھکیل دیا۔
12 ستمبر کو دشمن کے بڑھتے ہوئے بکتر بند اور پیدل دستوں کے خلاف کارروائی کے دوران دشمن کے 2 ٹینک تباہ کیے گئے۔ میجر عزیز بھٹی شہید مسلسل دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔
اسی دوران دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ لگنے سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید ہوگئے۔ ان کی لازوال قربانی اور غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔
مسلح افواج پاکستان کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے یوم شہادت پر ان کی جرات، قیادت اور عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔








