انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا
انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کردیا۔ انگلش ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔
انگلینڈ کی جانب سے تجربہ کار بیٹر جوئے روٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز بنائے جبکہ جورڈن نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ کے اوپنرز بین ڈکٹ اور ایملیو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے پویلین کی راہ دکھائی، تاہم ابتدائی نقصان کے بعد انگلینڈ نے میچ پر مکمل گرفت حاصل کرلی۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 449 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے رضا اللہ نے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے غیر معمولی اننگز کھیلی۔ انہوں نے صرف 63 گیندوں پر 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ نے پاکستان کو ایک اننگز کی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور ٹیم کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود 95 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ بابر اعظم نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ اذان اویس نے 59 اور محمد عباس نے 42 رنز بنا کر مجموعے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دیگر بیٹرز میں غازی غوری نے 16 اور محمد عمران نے 4 رنز بنائے جبکہ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ایٹکنسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اولی رابنسن، جوش اور لارنس نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوفرا آرچر نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی پہلی اننگز انتہائی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم صرف 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں انگلینڈ نے 453 رنز کی بڑی اننگز کھیلی اور پاکستان پر واضح برتری حاصل کی۔ ابتدائی اننگز میں خسارے کے باعث پاکستان کو میچ میں واپسی کے لیے سخت محنت کرنا پڑی، تاہم دوسری اننگز میں بہتر بیٹنگ کے باوجود ٹیم شکست سے نہ بچ سکی۔








