پی ٹی آئی امیدوار سدرہ فیصل کے گھر بجلی کے مبینہ غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے
پھول نگر: پاکستان تحریک انصاف کی حلقہ این اے 134 پتوکی سے امیدوار سدرہ فیصل کے آبائی گھر پر بجلی کے مبینہ غیر قانونی کنکشن پکڑے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو اور پولیس نے گزشتہ رات مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سندھو کلاں، پتوکی میں سدرہ فیصل کے آبائی گھر پر چھاپہ مارا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران گھر سے بجلی کے 3 مبینہ ڈائریکٹ کنڈے پکڑے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کنڈے براہ راست ٹرانسفارمر سے منسلک کیے گئے تھے، جن کے ذریعے مبینہ طور پر بجلی استعمال کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے بعد لیسکو کی جانب سے واقعے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کیے جانے کا بتایا گیا ہے۔
سدرہ فیصل پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ہیں اور حلقہ این اے 134 پتوکی سے انتخابی سیاست میں سرگرم ہیں۔ بجلی کے مبینہ غیر قانونی کنکشن پکڑے جانے کی خبر کے بعد معاملہ سیاسی اور عوامی حلقوں میں بھی زیر بحث آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ بجلی چوری کے خلاف ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ روز بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف سرگودھا کے تھانہ بھیرہ میں بجلی چوری کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق فیسکو حکام کی رپورٹ پر مقدمہ درج کیا گیا، جس میں مبینہ غیر قانونی کنکشن، بجلی کی چوری اور میٹر میں ردوبدل سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔








