وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، حوثی حملوں کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، حوثی حملوں کی مذمت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں خطے کے امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حملوں سے نہ صرف علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی بھی مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دانشمندانہ قیادت کو سراہا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد نے پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جلد ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

More News