عراق کا ایران کے ساتھ 3 سرحدی گزرگاہوں پر آمدورفت بحال کرنے کا اعلان
بغداد: عراق نے سعودی پائپ لائن پر ڈرون حملے کے بعد عارضی طور پر بند کی گئی ایران کے ساتھ تین سرحدی گزرگاہوں پر آمدورفت بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق عراقی حکام نے بتایا کہ ایران سے ملحق الشیب سرحدی گزرگاہ کو آج مسافروں کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بصرہ کی شلمچہ سرحدی گزرگاہ پر بھی مسافروں کی آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عراقی حکام کے مطابق شلمچہ سرحدی گزرگاہ پر تجارتی سرگرمیاں بھی رواں ہفتے کے اختتام تک دوبارہ شروع کردی جائیں گی۔ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان مسافروں کی نقل و حرکت اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ سعودی پائپ لائن پر ڈرون حملے کے بعد عراق نے ایران کے ساتھ بعض سرحدی گزرگاہوں کو احتیاطی اقدام کے طور پر عارضی طور پر بند کردیا تھا۔ سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے مسافروں اور تجارت سے وابستہ افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عراقی حکام کی جانب سے آمدورفت بحال کرنے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سکیورٹی صورتحال اور مختلف حملوں کے باعث کئی ممالک کو اپنے سرحدی اور سفارتی معاملات میں اضافی احتیاطی اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں۔
سرحدی گزرگاہوں کی مرحلہ وار بحالی سے ایران اور عراق کے درمیان معمول کی سرگرمیوں کی بحالی میں مدد ملنے کی امید ہے، جبکہ شلمچہ کے ذریعے تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے سے دونوں جانب کاروباری روابط بھی بحال ہوں گے۔







