ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ کی تیاری، پاکستان میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اعلان
لاہور: پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اعلان کردیا گیا ہے، جو 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا مقصد تینوں ٹیموں کو آئندہ ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاری کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔
سیریز کے تمام 10 ٹی ٹوئنٹی میچز فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ٹرپل راؤنڈ روبن رکھا گیا ہے، جس کے تحت ہر ٹیم دیگر دونوں ٹیموں کے خلاف تین، تین میچز کھیلے گی۔ اس طرح ہر ٹیم مجموعی طور پر 6 میچز میں ایکشن میں نظر آئے گی۔
لیگ مرحلے کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی دو ٹیمیں 16 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ اس فارمیٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کو زیادہ میچز کھیلنے اور مختلف حالات میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔
سری لنکا ویمنز انڈر 19 ٹیم 28 ستمبر جبکہ بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 ٹیم 29 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ مہمان ٹیمیں پاکستان آمد کے بعد سیریز سے قبل اقبال سٹیڈیم میں تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی۔
دوسری جانب سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کی قیادت فضہ فیاض کریں گی۔ اسکواڈ میں بیٹرز قمروش فرحان، پاکیزہ شبیر، ملائکہ سہانی اور آف اسپنر افشین خان کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم بدھ سے بوڑانوالا گراؤنڈ اور اقبال سٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کا آغاز کرے گی۔ قومی کھلاڑی کیمپ کے دوران اپنی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیاری کریں گی۔
بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ویمنز انڈر 19 ٹیمیں بھی 29 اور 30 ستمبر جبکہ یکم اکتوبر کو اقبال سٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی۔ سہ فریقی سیریز نوجوان خواتین کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ایشیا کپ و ورلڈ کپ سے قبل مسابقتی کرکٹ کا تجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع ہوگی۔







