پٹرولیم قیمتوں میں ریلیف، حکومت اور جماعت اسلامی میں اہم ملاقات

پٹرولیم قیمتوں میں ریلیف، حکومت اور جماعت اسلامی میں اہم ملاقات

اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایندھن کی دستیابی، پٹرولیم قیمتوں کے نظام، ٹارگٹڈ سبسڈی اور پٹرولیم لیوی میں کمی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے وفد نے لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفاقی وزراء علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے وفد کو پٹرولیم سیکٹر کی صورتحال اور ملک میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے حالیہ بحران کے دوران ملک بھر میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی۔ ان کے مطابق حکومت صارفین کے تحفظ اور ملک میں ایندھن کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔

ملاقات کے دوران حکام کی جانب سے سات روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی پٹرولیم قیمتوں کے نظام پر بھی جماعت اسلامی کے وفد کو بریفنگ دی گئی۔ علی پرویز ملک نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں، چنگچی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستحق طبقات تک براہ راست ریلیف پہنچانے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی مؤثر ذریعہ ہے۔

وزیر پٹرولیم نے مزید کہا کہ ملک میں ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے یورو فائیو معیار کے ایندھن کی پیداوار ممکن ہوگی جبکہ پٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق ریفائنریوں کی بہتری سے درآمدی ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔

جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیول ریلیف اقدامات کا خیرمقدم کیا، تاہم لیاقت بلوچ نے پٹرولیم لیوی میں کمی سمیت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے مستقل حل پر زور دیا۔

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ حکومت ٹیکس بیس بڑھانے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزرا نے جماعت اسلامی کی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت پر عوام کا دباؤ بالکل واضح ہے، اب وزیراعظم کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کون سا راستہ اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جا سکتی ہے۔

More News