صدر مملکت آصف علی زرداری نے اہم سمریوں کی منظوری دے دی
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف اہم سمریوں اور قوانین کی منظوری دے دی ہے۔ صدارتی اعلامیے کے مطابق منظور شدہ سمریوں میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) ترمیمی بل 2026 بھی شامل ہے۔
اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے سٹینڈرڈ ٹائم (تشریحِ حوالہ جات) ترمیمی بل 2026 اور آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی (AFIU) راولپنڈی کی ٹیبل آف آرگنائزیشن اینڈ ایکوپمنٹ میں نظرثانی کی بھی منظوری دی۔
اس کے علاوہ ماحول دوست طریقے سے بحری جہازوں میں موجود مضر مواد کے انتظام سے متعلق بل 2026 کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد متعلقہ اداروں کے انتظامی، قانونی اور ماحولیاتی امور سے متعلق معاملات کو آگے بڑھانا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) کی اسٹاف نرس رضیہ نورین کو تمغۂ شجاعت دینے کی بھی منظوری دی۔ اعلامیے کے مطابق رضیہ نورین نے PIMS میں آتشزدگی کے ایک واقعے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر واحد زندہ بچنے والے بچے کو بحفاظت باہر نکالا تھا۔
صدارتی اعلامیے میں رضیہ نورین کی بہادری اور انسانی جان بچانے کیلئے کیے گئے اقدام کو اعزاز دینے کی منظوری سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہیں۔








