مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش قابل مذمت، حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودیہ کیساتھ ہیں: وزیراعظم

مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش قابل مذمت، حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودیہ کیساتھ ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کی جانب ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے معاملے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے مقدس مقام کی جانب ڈرون حملے کی بزدلانہ اور گھناؤنی کوشش پر پاکستان کے عوام رنجیدہ اور فکرمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قابل مذمت اور ناقابل معافی اقدام سے پاکستانی عوام کو گہرے دکھ اور صدمے کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے سعودی شاہی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی مستعدی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈرون حملے کی کوشش کو ناکام بنایا۔

شہباز شریف نے تمام فریقین سے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے معاملے میں بھی غیر متزلزل طور پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ اور تقدس ہر پاکستانی کے دل کے بہت قریب ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کے تناظر میں مقدس مقامات کے تحفظ کے معاملے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

More News