ہنگو میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

ہنگو میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے 6 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مؤثر کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو افسران اور 4 جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق، ساکن ضلع گوجرانوالہ، اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر، ساکن ضلع چکوال بھی شامل ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق دونوں افسران نے اپنے چار جوانوں کے ہمراہ بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

More News