سعودی عرب کی چین کی قیادت میں قائم ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم سے علیحدگی

سعودی عرب کی چین کی قیادت میں قائم ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم سے علیحدگی

سعودی عرب نے چین کی قیادت میں قائم ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم ’ایم برج‘ (mBridge) سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق سعودی عرب گزشتہ سال ہی اس پلیٹ فارم سے الگ ہوگیا تھا۔

’ایم برج‘ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے مرکزی بینکوں کو اپنی ڈیجیٹل کرنسیوں میں براہ راست لین دین کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس نظام کا مقصد بین الاقوامی ادائیگیوں کے وقت اور اخراجات میں کمی لانا ہے، جبکہ اس کے استعمال سے روایتی ڈالر پر مبنی ادائیگیوں کے نظام پر انحصار بھی کم ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایم برج کو امریکا میں اس خدشے کے باعث توجہ حاصل ہوئی کہ بعض ممالک اسے ’سوئفٹ‘ جیسے روایتی عالمی ادائیگی نظام کے متبادل یا اسے بائی پاس کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

سعودی عرب 2024 میں ایم برج کا ایک فعال رکن بنا تھا۔ اس پلیٹ فارم میں چین، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس بھی شامل رہے ہیں۔

سعودی عرب کی علیحدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں مرکزی بینک ڈیجیٹل کرنسیوں اور تیز رفتار سرحد پار ادائیگیوں کے نئے نظام پر کام کررہے ہیں۔ تاہم ایم برج سے سعودی عرب کے الگ ہونے کی مخصوص وجوہات کے بارے میں فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

More News