سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں کارروائی، 37 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے زمینی اور فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے 37 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق کوہاٹ، ہنگو اور ٹل میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں۔ 20 ستمبر کو کوہاٹ اور ہنگو میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں فتنۃ الخوارج اور اس سے وابستہ گروہوں کے تین ٹھکانے تباہ کیے گئے۔ کارروائی کے دوران خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی علاقے میں کیے گئے آپریشن کے دوران متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں موجود اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق کارروائیوں میں شہریوں کے تحفظ اور ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے خصوصی احتیاط برتی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرے کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم جاری ہے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








