مسجد الحرام کے مؤذن شیخ ابراہیم المدنی انتقال کر گئے
سعودی عرب: حرمین شریفین سے وابستہ ذرائع نے مسجد الحرام کے معروف مؤذن شیخ ابراہیم المدنی کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ ان کے انتقال کی خبر پر حرمین شریفین سے وابستہ حلقوں اور دنیا بھر میں موجود ان کے عقیدت مندوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج نمازِ عصر کے بعد مسجد الحرام میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں مکہ مکرمہ کے تاریخی قبرستان جنت المعلیٰ میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
حرمین شریفین کے امور سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ ابراہیم المدنی کی زندگی کی آخری اذان پیر کے روز فجر کی پہلی اذان تھی۔ حرمین شریفین کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں انتقال سے چند گھنٹے قبل مسجد الحرام میں اذان دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ان کے حوالے سے جاری کی گئی ایک تصویر میں بتایا گیا ہے کہ شیخ ابراہیم المدنی اکثر مسجد الحرام کے ’مکبریہ‘ میں طویل راتیں عبادت، ذکر اور تلاوتِ قرآن میں گزارتے تھے۔
شیخ ابراہیم المدنی کی اچانک وفات پر مسجد الحرام کے زائرین اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔








