پاکستان، سعودی عرب: سفارتی و سرکاری پاسپورٹ پر ویزا شرط ختم
پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ یہ معاہدہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں، سرکاری آمدورفت اور ادارہ جاتی تبادلوں کو مزید آسان بنانا ہے۔ انہوں نے اسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو آگے بڑھانے میں اہم قدم قرار دیا۔
معاہدے کے تحت سفارتی اور سرکاری/خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہری سعودی عرب اور اسی نوعیت کے سعودی پاسپورٹ رکھنے والے افراد پاکستان کا سفر ویزے کے بغیر کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ یہ سہولت عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے نہیں ہے؛ عام پاسپورٹ پر سعودی عرب جانے کے لیے موجودہ ویزا ضوابط برقرار رہیں گے۔








