پشاور میں سکیورٹی تھریٹس، پولیس ہائی الرٹ
پشاور: سکیورٹی تھریٹس کے پیش نظر پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی مزید سخت کردی۔ سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیرِ صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
تمام تھانوں، چوکیات، پولیس لائن اور اہم مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ سینئر افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید مؤثر بنانے، جبکہ سٹی، کینٹ، فقیرآباد اور مضافاتی علاقوں میں سرچ آپریشنز کا فیصلہ کیا گیا۔
پولیس نے غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی، سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی مزید سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
کالے شیشوں والی گاڑیوں اور ڈبل سوار موٹر سائیکلوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت جاری کردی گئی، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ڈی پی او خیبر اور ڈویژنل ایس پیز کو براہِ راست نگرانی کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔







