ایئرپورٹس پر ناقص سہولیات، 8 ایئرلائنز پر 16 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملکی ایئرپورٹس پر مسافروں کو ناقص سہولیات کی فراہمی اور سامان کی ترسیل میں تاخیر پر 8 ایئرلائنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 16 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانے عائد کردیئے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق یکم جولائی سے 15 اگست 2026 تک سامان کی ترسیل میں تاخیر کے 19 کیسز سامنے آئے، جن پر متعلقہ ایئرلائنز کے خلاف کارروائی کی گئی۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کو مسافروں کے سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کا پابند کیا جا رہا ہے، جبکہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کی مسلسل نگرانی بھی جاری ہے۔
اتھارٹی کے مطابق سروس اسٹینڈرڈز پر عملدرآمد نہ کرنے والی ایئرلائنز کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔







