نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کے سکیورٹی سکواڈ پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کے سکیورٹی سکواڈ پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں پیش آیا، جہاں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت کے لیے تعینات پولیس اہلکاروں کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار محمد یاسر اور عبدالروف شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کردی گئیں، جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد شہید اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے اور فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والی ٹیم پر حملہ ناقابل معافی فعل ہے۔

بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو ٹیم پر حملہ بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر صوبے میں امن، ترقی اور بیماریوں کے خاتمے کی کوششوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔

More News