پاکستان، آئی ایم ایف مذاکرات رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان
اسلام آباد: پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے چوتھے اقتصادی جائزے سے متعلق مذاکرات رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔
مذاکرات تقریباً 2 ہفتے جاری رہیں گے، جس دوران آئی ایم ایف مشن کو جون 2026 تک کی معاشی سرگرمیوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اسٹرکچرل بینچ مارکس اور معاشی اصلاحات کے اہداف پر بھی بات چیت ہوگی۔
مذاکرات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی اور گیس کے شعبوں کے گردشی قرضے سمیت دیگر اہم معاشی اہداف کا جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کو مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر تک ملنے کا امکان ہے۔ ان میں ای ایف ایف پروگرام کے تحت تقریباً 1 ارب ڈالر کی پانچویں قسط جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی رقم شامل ہے۔
پاکستان نے ستمبر 2024 میں 37 ماہ پر مشتمل آئی ایم ایف پروگرام حاصل کیا تھا، جس کے تحت پہلی 1 ارب ڈالر کی قسط ستمبر 2024، دوسری مئی 2025 اور تیسری قسط 11 دسمبر 2025 میں موصول ہوئی تھی۔







