امریکا شرائط پوری کرے تو آبنائے ہرمز 7 روز میں کھول دیں گے، عراقچی

امریکا شرائط پوری کرے تو آبنائے ہرمز 7 روز میں کھول دیں گے، عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے بعض شرائط پوری کیے جانے کی صورت میں ایران آبنائے ہرمز کو سات روز کے اندر دوبارہ کھول سکتا ہے۔

نیویارک میں صحافیوں اور امریکی تھنک ٹینکس کے ارکان کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے کہا کہ تہران نے ثالثوں کے ذریعے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے پیش کی گئی شرائط نئی نہیں ہیں بلکہ وہی شرائط ہیں جو اس سے قبل اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت میں اٹھائی گئی تھیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس مفاہمت پر امریکا کے وسط مدتی انتخابات سے قبل عمل درآمد کیا جانا بہتر ہوگا۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ معاہدہ نومبر کے انتخابات کے بعد بھی طے پا سکتا ہے۔

اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ معاہدے کے وقت کا فیصلہ امریکا پر منحصر ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی شرائط گزشتہ مفاہمت کی شقوں سے مختلف نہیں ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کے بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت اور شرائط پر پیش رفت سے منسلک ہے۔

More News