ضلع خیبر کے 15 مڈل سکولوں سے لیپ ٹاپ واپس لینے کا مراسلہ جاری
جمرود: ضلع خیبر کے ضلعی ایجوکیشن آفس میں لیپ ٹاپس کی کمی کے باعث محکمہ تعلیم نے ضلع کے 15 مڈل سکولوں سے یو این ڈی پی کے تحت فراہم کیے گئے لیپ ٹاپ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر (مردانہ) جمرود کی جانب سے متعلقہ سکولوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
جاری مراسلے کے مطابق GMS اعظم کلی، GMS سعداللہ جان، GMS پاکہ تارا، GMS گل میران، GMS شین کمر، GMS سرکئی کمر، GMS اعظم دین، GMS کشمیر نمبر 2، GMS چپاری، GMS لال مت کلی، GMS مراد ڈھنڈ، GMS شاہد مینا، GMS زبیر نور، GMS شین پوخ اور GMS چنگائی سے ایک، ایک لیپ ٹاپ واپس طلب کیا گیا ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ لیپ ٹاپس اور دیگر سامان یو این ڈی پی کی اسکیم کے تحت متعلقہ سکولوں کو فراہم کیے گئے تھے، تاہم اب انہیں ضلعی ایجوکیشن آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق یہ سامان EMIS سے متعلقہ امور کی اپ ڈیٹ اور تکمیل کے لیے درکار ہے۔
ذرائع کے مطابق یو این ڈی پی کی جانب سے تقریباً دو سال قبل ضلع خیبر اور ضلع مہمند کے مجموعی طور پر 64 سکولوں کو لیپ ٹاپس فراہم کیے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لیپ ٹاپ کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔
متعلقہ سکولوں سے لیپ ٹاپس واپس لیے جانے کے بعد ان اداروں میں ڈیجیٹل تعلیم اور تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔ سکولوں میں فراہم کیے گئے یہ آلات اساتذہ اور طلبہ کو ڈیجیٹل لٹریسی، تعلیمی مواد اور دیگر متعلقہ امور میں معاونت فراہم کرنے کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔
محکمہ تعلیم کے مراسلے میں متعلقہ سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ لیپ ٹاپس مقررہ وقت تک ضلعی ایجوکیشن آفس میں جمع کرائے جائیں تاکہ EMIS سے متعلق ضروری کارروائی مکمل کی جاسکے۔
مراسلے کی نقول متعلقہ اعلیٰ حکام، ڈپٹی کمشنر خیبر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر EMA خیبر کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔ لیپ ٹاپس کی واپسی کے بعد یہ سامان کس مقصد کے لیے اور کس طریقہ کار کے تحت استعمال کیا جائے گا، اس حوالے سے مراسلے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔







