شانگلہ میں اساتذہ کی کمی، طالبات کا احتجاج
شانگلہ: تحصیل کانا کے علاقے کوز کانا گرلز ہائی اسکول میں اساتذہ کے تبادلوں اور اسکول میں تدریسی عملے کی کمی کے خلاف طالبات نے احتجاج کیا۔
طالبات نے احتجاج کے دوران مطالبہ کیا کہ اسکول سے تبدیل کیے گئے اساتذہ کو واپس تعینات کیا جائے تاکہ ان کی تعلیم کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔ طالبات کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی کمی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں اور انہیں اپنی پڑھائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
احتجاج کی اطلاع ملنے پر کروڑہ تھانہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس اہلکاروں نے طالبات سے بات چیت کی اور احتجاج کی وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
طالبات نے متعلقہ محکمہ تعلیم کے حکام سے مطالبہ کیا کہ اسکول میں اساتذہ کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے اور جن اساتذہ کے تبادلے کیے گئے ہیں، انہیں واپس تعینات کیا جائے۔
والدین اور مقامی افراد نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری گرلز ہائی اسکول میں تدریسی عملے کی کمی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ طالبات کی تعلیم کا حرج نہ ہو۔
مقامی سطح پر طالبات کے احتجاج کے بعد اسکول میں اساتذہ کی دستیابی اور تبادلوں کے معاملے پر متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کی توقع کی جارہی ہے۔








