مدرسہ طالب علم سے بدفعلی کے ملزم کی ضمانت مسترد

مدرسہ طالب علم سے بدفعلی کے ملزم کی ضمانت مسترد

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مدرسہ کے ایک طالب علم سے بدفعلی کے الزام میں نامزد ملزم زین علی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

کیس کی سماعت جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف غلط مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مدرسہ چھوٹا ہے اور ان کے مطابق وہاں ایسا واقعہ پیش آنا ممکن نہیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ اگر ایسا عمل مدرسے میں کیا گیا ہے تو یہ معاملہ مزید سنگین نوعیت اختیار کرجاتا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمے میں فردِ جرم عائد ہوچکی ہے۔ اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ اگر ملزم بے قصور ہے تو وہ اپنا مؤقف ٹرائل کے دوران ثابت کرے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم زین علی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔ ملزم کے خلاف تھانہ ٹیکسلا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیس کی مزید کارروائی ٹرائل کورٹ میں جاری رہے گی، جہاں مقدمے سے متعلق شواہد اور فریقین کے مؤقف کا جائزہ لیا جائے گا۔

More News