مری میں اسکول وین کھائی میں گرنے کے بعد آگ لگ گئی، 10 بچے زخمی
مری: مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین سڑک سے پھسل کر نیچے جا گری، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق سوزوکی بولان کا ڈرائیور میساری لوئر موہڑہ بارہوتر کے قریب گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے باعث وین سڑک سے اتر کر نیچے جا گری اور اس میں آگ لگ گئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پالیا، جبکہ زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول ہسپتال مری منتقل کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق زیادہ تر بچوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں اور جھلسنے کے زخم آئے ہیں، تاہم تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر بھی سول ہسپتال پہنچ گئے اور زخمی بچوں کے علاج معالجے کی نگرانی کی۔
حکام کے مطابق حادثے کی مزید تفصیلات اور وین میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی جاری ہے۔








