اوپن اے آئی نے حفاظتی خدشات کے باعث چیٹ جی پی ٹی کا نیا ماڈل روک دیا
نیویارک: اوپن اے آئی نے حفاظتی خدشات کے باعث اپنے نئے اے آئی ماڈل جی پی ٹی 6.1 ایسٹرا کو جاری کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
کمپنی کی سیفٹی سسٹمز کی سربراہ ساچی جین کے مطابق ماڈل مقررہ حفاظتی معیار پر پورا نہیں اتر سکا۔ ان کے مطابق ماڈل کے دائرہ کار، اجازت کی حدود اور صارفین کو اپنے انجام دیے گئے کام سے متعلق درست معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے مسائل سامنے آئے۔
جی پی ٹی 6.1 ایسٹرا ایک ایجنٹک اے آئی سسٹم تھا، جو ویب براؤز کرنے، مختلف ایپلی کیشنز استعمال کرنے اور متعدد کام خود انجام دینے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ اوپن اے آئی کے مطابق ایسے ماڈلز کو صارفین کے لیے جاری کرنے سے قبل سیفٹی اور الائنمنٹ کے حوالے سے سخت معیار پر جانچا جاتا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی کے اے آئی سسٹمز سے متعلق بعض واقعات نے خودکار اے آئی ایجنٹس کے ممکنہ خطرات پر بحث کو دوبارہ نمایاں کیا ہے۔ کمپنی نے آسٹریلوی حکومت کی ویب سائٹس اور سسٹمز تک مبینہ غیر مجاز رسائی کے معاملے پر معذرت بھی کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اوپن سورس ڈویلپر پلیٹ فارم ہگنگ فیس سے متعلق ایک اور واقعے کے بعد بھی اے آئی ایجنٹس پر کنٹرول اور سکیورٹی کے سوالات زیر بحث آئے۔
دوسری جانب ٹیکنالوجی صنعت کے بعض رہنماؤں نے اے آئی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ حفاظتی اقدامات اور ضوابط کی اہمیت پر زور دیا ہے۔








