ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے والا خودکش حملہ آور ہلاک

ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے والا خودکش حملہ آور ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا فتنۃ الخوارج سے منسلک خودکش حملہ آور بارودی مواد پھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور پٹوارخانے کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے پاس موجود بارودی مواد اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

دھماکے کی شدت کے باعث سرکاری پٹوارخانے سے متصل دو گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ دونوں گھروں کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ بھتہ خوری کے تنازع سے بھی منسلک بتایا جا رہا ہے، جبکہ حملہ آور مبینہ طور پر پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔

دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے دھماکے کی نوعیت، حملہ آور کی شناخت اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

More News