مکہ دفاعی معاہدے کے سیکرٹریٹ کے قیام پر پیش رفت، سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی تعاون کا جائزہ
ریاض: سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں مکہ دفاعی مشترکہ معاہدے کے سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون پر بھی غور کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق ریاض میں ہونے والے اجلاس میں علاقائی اور عالمی صورتحال کے علاوہ سمندری راستوں کے تحفظ اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
اجلاس میں آبنائے ہرمز، باب المندب، بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں بحری آمدورفت کی آزادی اور تحفظ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ شرکا نے آبنائے ہرمز میں حالات کو 28 فروری سے قبل کی سطح پر بحال کرنے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔
سعودی کابینہ نے بحری جہازوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان کا خیرمقدم بھی کیا۔
اجلاس میں مکہ دفاعی مشترکہ معاہدے کے تحت سیکرٹریٹ کے قیام اور اس کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مربوط بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکام کے مطابق دفاعی تعاون کے ساتھ سمندری راستوں کے تحفظ اور علاقائی سلامتی کو بھی اجلاس میں اہمیت دی گئی۔








