جنوبی وزیرستان کی صبا رسول محسود نے سول جج امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

جنوبی وزیرستان کی صبا رسول محسود نے سول جج امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

جنوبی وزیرستان: جنوبی وزیرستان اپر سے تعلق رکھنے والی صبا رسول محسود نے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے تحت منعقدہ سول جج کم جوڈیشل مجسٹریٹ (BPS-18) کے تحریری امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق 105 آسامیوں کے لیے منعقدہ امتحان میں 3 ہزار 97 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے 1 ہزار 24 امیدوار تحریری امتحان میں شریک ہوئے۔ امتحان کے بعد صرف 3 امیدوار کامیاب قرار پائے، جن میں صبا رسول محسود نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

صبا رسول محسود کی کامیابی پر جنوبی وزیرستان سمیت سوشل میڈیا پر بھی انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اہل علاقہ اور مختلف حلقوں کی جانب سے ان کی کامیابی کو والدین اور خاندان کے ساتھ ساتھ پورے وزیرستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔

صبا رسول محسود کی کامیابی کو بالخصوص وزیرستان کی طالبات اور نوجوانوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی کامیابی سے علاقے کے نوجوانوں میں اعلیٰ تعلیم اور مقابلے کے امتحانات میں آگے بڑھنے کے رجحان کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔

صبا رسول محسود، ستارۂ امتیاز عائشہ رسول محسود کی چھوٹی بہن ہیں۔ عائشہ رسول محسود وزارتِ قانون و انصاف میں سینئر کنسلٹنٹ جبکہ انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر پاکستان کی پراجیکٹ ڈائریکٹر ہیں۔

More News