کرک میں گھر میں گیس دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

کرک میں گھر میں گیس دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

کرک: تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے آلوڑگی بانڈہ میں گھر میں گیس جمع ہونے کے باعث دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔ حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان آصف خٹک کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ٹیم اور ایمبولینسز موقع پر پہنچیں۔ امدادی اہلکاروں نے ملبے سے متاثرہ افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کرک منتقل کردیا۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد میں 55 سالہ خاتون، زوجہ بغداد، اور شکیل کی 2 سالہ بیٹی شامل ہیں۔ حادثے میں 3 سے 60 سال تک کی عمر کے 10 افراد زخمی ہوئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

زخمیوں میں 60 سالہ بغداد اور 35 سالہ شکیل بھی شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

More News