افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے، 2 کیمپ تباہ
اسلام آباد: وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان نے افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی اور ڈرون کارروائیاں کیں، جن میں 2 مقامات پر قائم کیمپ مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ وہاں موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوگیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی۔ وزارت اطلاعات کے مطابق 2 روز قبل بھی افغانستان میں دہشتگردوں کے 2 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 22 دہشتگرد ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغانستان سے دہشتگردی کا خطرہ پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے، تاہم پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔








