اختیار ولی: سہیل آفریدی کا لانگ مارچ اب خیبرپختونخوا میں ہی چکر کاٹتا نظر آئے گا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹر اور مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اس وقت امن و امان کے سنگین مسائل سے دوچار ہے، تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ مذاکرات کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی مطالبات تسلیم کیے گئے تھے، تاہم بات چیت سے یہ تاثر سامنے آیا کہ پی ٹی آئی کے عزائم صرف سیاسی نوعیت تک محدود نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں پی ٹی آئی سے خیبرپختونخوا میں امن و امان بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق صوبے کی صورتحال انتہائی اہم ہے اور اس معاملے پر سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔
اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنما نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حامی تھے، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے منظوری لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے اسے مسترد کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی معاملات پر مذاکرات میں پیش رفت ہوئی اور پی ٹی آئی کے مطالبات بھی مانے گئے، لیکن خیبرپختونخوا میں امن و امان کے معاملے پر صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ اختیار ولی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سہیل آفریدی کا لانگ مارچ اب خیبرپختونخوا میں ہی چکر کاٹتا نظر آئے گا۔








