ہنگو: سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، 2 اشتہاری مجرمان سمیت 5 ملزمان گرفتار

ہنگو: سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، 2 اشتہاری مجرمان سمیت 5 ملزمان گرفتار

ہنگو میں تھانہ دوابہ پولیس نے علاقہ طورہ وڑی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 2 اشتہاری مجرمان سمیت متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق کارروائی ڈی پی او ہنگو طارق حبیب خان کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔ ڈی ایس پی ٹل امجد خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ دوابہ نیاز محمد خان اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے ممکنہ مشتبہ ٹھکانوں کی تلاشی لی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران 2 مجرمان اشتہاری اور دیگر ملزمان سمیت مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران گرفتار افراد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 2 رپیٹر، 2 پستول اور 45 کارتوس برآمد ہوئے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 80 گرام چرس اور 40 گرام آئس بھی برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات قبضے میں لے کر گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ڈی پی او ہنگو طارق حبیب خان نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کو متاثر کرنے اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

More News