خواجہ آصف کی پی ٹی آئی قیادت پر شدید تنقید

خواجہ آصف کی پی ٹی آئی قیادت پر شدید تنقید

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن سڑکوں پر اسلحہ لے کر موجود ہیں جبکہ ان کے لیڈر بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیوں میں محفوظ ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عدالت کے احکامات اور عائد کردہ شرائط کی کھلی خلاف ورزی کی گئی، جبکہ احتجاج کے دوران ہیلی کاپٹر اور سرکاری وسائل بھی استعمال کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قیادت اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہو تو اسے بھی شانہ بشانہ موجود ہونا چاہیے۔

وزیر دفاع نے سوال اٹھایا کہ اگر مذاکرات نتیجہ خیز بھی ہوجائیں تو عدالت کے احکامات اور طے شدہ شرائط پر عمل درآمد کی کیا ضمانت ہوگی۔ ان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر سب کا اتفاق ہے، تاہم پی ٹی آئی اس پر رضامند نہیں۔

خواجہ آصف نے دہشتگردی کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے ڈرون حملہ ہو یا دہشتگردی کا کوئی واقعہ، جس میں فوج، پولیس یا پیرا ملٹری اہلکار شہید ہوں، پی ٹی آئی کی جانب سے نہ مزاحمت نظر آتی ہے اور نہ مذمت۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی قیادت اندر سے اس بات پر راضی ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں جبکہ قیادت خود حکومتی وسائل، پروٹوکول اور دیگر سہولیات سے فائدہ اٹھاتی رہے۔ خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر جمع ہونے والے وسائل میں مبینہ طور پر حصہ لینے کا بھی الزام عائد کیا۔

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ صوبے کے شہداء کی بات کرنے والوں کو شہری شہداء کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی قیادت نے کسی ایک سولین شہید کے گھر جا کر فاتحہ خوانی بھی کی ہے یا نہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی عمران خان کے دور میں آئی اور ان کے بقول عمران خان صوبے میں دہشتگردوں کو بسانے کے سب سے بڑے حامی تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی تقاریر اور میڈیا ریکارڈ اس حوالے سے موجود ہے اور وہ اس معاملے پر ٹی وی مناظرے کے لیے تیار ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مرکز سے اقتدار جانے کے بعد خیبرپختونخوا کے ہر وزیراعلیٰ نے وفاق پر حملہ کیا، جبکہ 9 مئی کا واقعہ اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے صوبائی قیادت پر سرکاری وسائل کے مبینہ غلط استعمال اور دہشتگردوں کو بھتہ و حصہ دینے کے الزامات بھی عائد کیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بہنے والے خون کے معاملے پر ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے اور اس کا حساب قوم اور خدا دونوں کے سامنے دینا ہوگا۔

انہوں نے اسلام آباد کو پاکستان کی وحدت اور وفاق کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی شناخت ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کے شہداء نے اپنے مقدس خون سے پاکستان کی آبیاری کی ہے اور پاکستانی عوام و مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

More News