بونیر میں 380 ماربل فیکٹریاں بند، بڑی تعداد میں مزدور بے روزگار

بونیر میں 380 ماربل فیکٹریاں بند، بڑی تعداد میں مزدور بے روزگار

بونیر پاکستان کی ماربل پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے، تاہم ضلع میں ماربل کی تقریباً 380 فیکٹریاں بند ہونے سے بڑی تعداد میں مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بونیر ملک کی مجموعی ماربل پیداوار کا تقریباً 55 فیصد فراہم کرتا ہے، لیکن ملاکنڈ ڈویژن میں عائد ٹیکسز کے معاملے پر ماربل صنعت کو مشکلات کا سامنا ہے۔ فیکٹریوں کی بندش کے باعث صنعت سے وابستہ مزدوروں اور دیگر افراد کا روزگار بھی متاثر ہوا ہے۔

ماربل فیکٹریوں کے ضلعی صدر خورشید خان کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں عائد کیے گئے ٹیکس واپس نہیں لیتی، ماربل فیکٹریاں بند رہیں گی۔ ان کے مطابق ٹیکسز کے باعث فیکٹری مالکان کو کاروباری مشکلات کا سامنا ہے۔

ماربل فیکٹریوں کے مالکان نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی کیمپ بھی قائم کر رکھا ہے، جہاں وہ حکومت سے ٹیکسز کے معاملے پر نظرثانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ماربل فیکٹریوں کے مالکان نے گزشتہ ماہ کے بجلی کے بل بھی جمع نہیں کروائے۔ صنعت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ فیکٹریوں کی مسلسل بندش سے مقامی معیشت اور روزگار پر مزید اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

More News