جیٹور ایکس 70 پلس اور ڈیشنگ کے خریداروں کے لیے صفر فیصد مارک اپ کی سہولت
یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے نئی فنانسنگ سہولت متعارف کرادی ہے، جس کے تحت جیٹور کے دو ماڈلز ایکس 70 پلس اور ڈیشنگ پر ایک سال کے لیے صفر فیصد مارک اپ کے ساتھ کار فنانسنگ کی پیشکش کی گئی ہے۔
محدود مدت کی اس اسکیم کے تحت صارفین زیادہ سے زیادہ 30 لاکھ روپے تک کی گاڑی فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔ بینک کے مطابق ایک سال کی فنانسنگ مدت کے دوران صارفین سے کوئی مارک اپ وصول نہیں کیا جائے گا۔
فنانسنگ کی مدت دو سال رکھنے کی صورت میں 8 فیصد جبکہ تین سالہ پلان کے لیے 10 فیصد مارک اپ عائد ہوگا۔ اس سہولت کا مقصد گاڑی خریدنے والے صارفین کے ابتدائی مالی بوجھ کو کم کرنا اور انہیں نسبتاً آسان شرائط پر فنانسنگ فراہم کرنا ہے۔
اس آفر میں جیٹور ایکس 70 پلس اور ڈیشنگ شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق ایکس 70 پلس کی قیمت 82 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ ڈیشنگ کی قیمت 78 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق صارفین جیٹور پاکستان سے رابطہ کرکے اس فنانسنگ سہولت سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ آٹو فنانسنگ میں یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کی آٹو مارکیٹ مہنگائی، شرح سود اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ جیسے عوامل کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا کرتی رہی ہے۔








