ملاکنڈ ڈویژن تاجر برادری کا 7 اکتوبر کو چکدرہ موٹروے بند کرنے کا اعلان
سوات: ملاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری نے مختلف ٹیکسز کے نفاذ اور ڈویژن کی آئینی و قانونی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کے حق میں 7 اکتوبر کو چکدرہ موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
تاجر برادری ملاکنڈ ڈویژن آرگنائزنگ کمیٹی کا اہم اجلاس صدر عبدالرحیم کی زیر صدارت چکدرہ میں ہوا، جس میں سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر خالد محمود خالد سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خالد نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی آئینی و قانونی حیثیت کی بحالی اور عوام پر عائد مختلف ٹیکسز کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور سوئی گیس کے بلوں میں ٹیکسز کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس، انکم ٹیکس، کسٹم ٹیکس اور جنرل سیلز ٹیکس سمیت مختلف ٹیکسز 30 جون 2026 سے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پر عائد کیے گئے ہیں۔
تاجر رہنماؤں کے مطابق نئے ٹیکسز کے نفاذ سے کاروباری طبقے اور عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑا ہے، جس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ تاجر برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسز کے نفاذ کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور علاقے کی آئینی و قانونی حیثیت کو مدنظر رکھا جائے۔
تاجر برادری نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کے حق میں 7 اکتوبر کو چکدرہ موٹروے پر احتجاج کیا جائے گا اور موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔








