پاکستان سپر لیگ 12 کی تاریخوں کا اعلان، 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک مقابلے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا، جس میں مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ونڈو گورننگ کونسل اور تمام فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی کی گئی ہے۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا تھا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
گزشتہ ایڈیشن میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ پی ایس ایل 11 کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 461 تماشائیوں کی ریکارڈ حاضری ہوئی۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے لیگ کی صلاحیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا، جبکہ سیزن کے دوران سنسنی خیز مقابلوں، ریکارڈ کراؤڈ اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈز نے شائقین کی توجہ حاصل کی۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور تیاری کی جائے گی۔ پی سی بی کے مطابق پلیئر آکشن، ڈائریکٹ سائننگز، شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتا تھا۔








