بھارت میں دو سروں والا نایاب سانپ برآمد، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
بھارتی ریاست گجرات میں ریسکیو اہلکاروں نے دو سروں والا ایک نایاب سانپ زندہ حالت میں برآمد کیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ غیر معمولی شکل کے اس سانپ نے مقامی افراد اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
ریسکیو ٹیم کے مطابق تقریباً 6 انچ لمبا یہ سانپ گجرات کے ضلع داہود کے گاؤں آگسوانی سے ملا۔ حکام کے مطابق سانپ زہریلا نہیں ہے اور اس کے دونوں سر الگ الگ حرکت کرنے کے ساتھ مختلف ردعمل بھی ظاہر کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سانپ میں ’’بائی سیفلی‘‘ نامی ایک نایاب پیدائشی کیفیت پائی جاتی ہے۔ اس کیفیت میں ایک ہی جسم پر دو سر بن جاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے جانور انتہائی نایاب ہوتے ہیں اور جنگلی ماحول میں ان کا زندہ رہنا بھی مشکل ہوسکتا ہے۔
مقامی وائلڈ لائف ریسکیو ٹیم نے محکمہ جنگلات کی مدد سے سانپ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق گجرات میں زندہ دو سروں والے سانپ کی یہ پہلی دستاویزی ریسکیو سمجھی جارہی ہے، جبکہ بھارت میں اس نوعیت کے صرف چند کیسز سامنے آئے ہیں۔
یہ غیر معمولی واقعہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی دلچسپی کا باعث بن گیا ہے، جہاں دو سروں والے سانپ کی ویڈیو بڑے پیمانے پر شیئر کی جارہی ہے۔








