شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 اہم کمانڈروں سمیت 9 خوارج ہلاک
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 4 اہم کمانڈروں سمیت 9 خوارج کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری کے علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران 9 خوارج ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کے 4 اہم دہشتگرد کمانڈر بھی شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے اہم کمانڈروں میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں دہشتگرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مزید تفصیلات بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔








