کرک میں مسلح ملزمان کی فائرنگ، ایس ایچ او اور گن مین شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او داؤد خان اور ان کے گن مین فرہاد شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کرک کے علاقے نیو کڑپہ میں پیش آیا، جہاں بانڈہ داؤد شاہ پولیس پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی۔ حملے کے نتیجے میں ایس ایچ او داؤد خان اور گن مین فرہاد موقع پر شہید ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کرک عمران خان بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب شہید ایس ایچ او داؤد خان اور گن مین فرہاد کی نماز جنازہ پولیس لائن کرک میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں آر پی او کوہاٹ، کمشنر کوہاٹ، ڈی پی او کرک اور ڈپٹی کمشنر سمیت پولیس و انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔








