ہنی ٹریپ کال سینٹر چلانے والی 17 خواتین گرفتار، سائبر فراڈ کے خلاف کارروائی
لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے سائبر فراڈ اور ہنی ٹریپ کے خلاف دو الگ الگ کارروائیوں میں 26 افراد کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی میں ہنی ٹریپ کے ذریعے لوگوں کو جال میں پھنسانے والی 17 خواتین کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دوسری کارروائی میں غیر ملکی شہریوں سے مبینہ فراڈ کرنے والے کال سینٹر سے 9 مرد گرفتار ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ہنی ٹریپ کے خلاف کارروائی ایک ایسے کال سینٹر میں کی گئی جہاں خواتین مختلف آن لائن ذرائع سے مردوں سے رابطہ کرتی تھیں اور انہیں ویڈیو کالز پر لانے کے بعد آن لائن تحائف اور دیگر مالی فوائد حاصل کیے جاتے تھے۔
کارروائی کے دوران 17 خواتین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 35 موبائل فون اور 2 لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری کارروائی لاہور کے علامہ اقبال ٹاؤن میں قائم ایک کال سینٹر کے خلاف کی گئی، جہاں مبینہ طور پر برطانیہ کے شہریوں کو موبائل فون کی تبدیلی اور مختلف مواصلاتی سہولیات کی پیشکش کے نام پر نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق کال سینٹر کے کارکن غیر ملکی شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں موبائل فون اور مختلف پیکیجز کی پیشکش کرتے تھے۔ شہریوں کو رقم جمع کرانے کے بعد موبائل فون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جاتی، تاہم رقم وصول کرنے کے بعد موبائل فون فراہم نہیں کیے جاتے تھے۔
کارروائی کے دوران 9 مردوں کو گرفتار کرکے 10 موبائل فون اور 5 لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے۔ اس کارروائی کا بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے، جبکہ برآمد ہونے والے موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کا بھی فرانزک جائزہ لیا جا رہا ہے۔








