مردان میں ایم پی اے عبدالسلام آفریدی مبینہ طور پر اغوا
مردان: رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عبدالسلام آفریدی کو مردان کے کورغ چوک کے قریب سے نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔
ذرائع کے مطابق عبدالسلام آفریدی اپنے گھر سے کچھ فاصلے پر موجود تھے اور اپنے حجرے کے قریب تھے کہ اس دوران تین فیلڈر گاڑیاں وہاں پہنچیں۔ گاڑیوں میں سوار نامعلوم نقاب پوش افراد نے انہیں مبینہ طور پر زبردستی اپنے ساتھ گاڑیوں میں بٹھایا اور موقع سے روانہ ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کی جانب سے مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور عبدالسلام آفریدی کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہوسکے۔ یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ عبدالسلام آفریدی کو کس مقصد کے تحت اپنے ساتھ لے جایا گیا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں اور پولیس کی جانب سے علاقے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔
عبدالسلام آفریدی کے مبینہ اغوا کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی حلقوں اور علاقہ مکینوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ حکام کی جانب سے واقعے سے متعلق مزید معلومات فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔








