علیمہ خانم نے حکومت کو عمران خان کے علاج کے لیے دوبارہ ڈیل کی پیشکش کر دی
اسلام آباد::ویب ڈیسک
تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خانم نے حکومت کو دوبارہ ڈیل کی پیشکش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بلا تاخیر عمران خان کا الشفا اسپتال میں علاج کروایا جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق علیمہ خانم نے کہا کہ ملاقاتیں بند کرنے کا فیصلہ قبول ہے، مگر حکومت فوری طور پر علاج کی سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے محسن نقوی کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی قیادت ایک صفحے پر ہیں، اس بارے میں بیرسٹر گوہر میڈیا کے سامنے وضاحت کریں۔
علیمہ خانم نے کہا کہ عمران خان کی آزادی کے بارے میں باتیں عوام کو منتشر کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں اور یہ لوگ بانی تحریک کو کبھی رہا نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 16 اکتوبر سے فیملی اور وکلاء کی ملاقاتیں بند ہیں اور پانچ ماہ سے وہ عمران خان سے ملاقات نہیں کر پائی ہیں، ان کی آنکھ کے علاج کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر واضح کر چکے ہیں کہ پمز میں آنکھوں کے علاج کی سہولت موجود نہیں، اور علاج فیملی اور ذاتی معالج کی موجودگی میں ہونا چاہیے۔ علیمہ خانم نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر علاج نہ کیا گیا تو دوسری آنکھ ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔
علیمہ خانم نے زور دے کر کہا کہ عمران خان کا علاج بہت ضروری ہے اور اس معاملے پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔








