خیبر پختونخوا کے 50فیصد سکول سال میں صرف 240دن کھلے

خیبرپختونخوا کے نصف سکول سال میں صرف 243 دن فعال، اساتذہ کی تنخواہیں کم

پشاور(بیورو رپورٹ)

خیبرپختونخوا میں تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے حالیہ سروے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ سروے کے مطابق صوبے کے تقریباً نصف سکول سال کے 365 دنوں میں سے صرف 243 دن کھلے رہتے ہیں جبکہ 44 فیصد سکول 302 دن تک تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں۔

سروے میں شامل 100 سکولوں میں سے 64 فیصد نجی اور 35 فیصد سرکاری تھے۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر سکولوں میں صبح کی اسمبلی منعقد ہوتی ہے اور 93 فیصد سکولوں میں کھیل کا میدان موجود ہے جو طلبہ کی جسمانی سرگرمیوں کے لیے اہم ہے۔

بنیادی سہولیات کے حوالے سے بتایا گیا کہ 85 فیصد سکولوں کی اپنی عمارتیں موجود ہیں اور 75 فیصد میں کینٹین کی سہولت دستیاب ہے، تاہم صرف 28 فیصد سکول طلبہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ توانائی کے ذرائع کے حوالے سے 73 فیصد سکولوں میں جنریٹر موجود ہے جبکہ صرف 25 فیصد سکولوں میں سولر پینلز نصب ہیں۔

تعلیمی سہولیات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ تمام سکولوں میں لائبریری موجود ہے اور طلبہ کو ناظرہ قرآن پڑھانے کا باقاعدہ انتظام کیا گیا ہے۔ تاہم اساتذہ کی تنخواہیں انتہائی کم ہیں اور مختلف سکولوں میں ماہانہ 10,000 سے 50,000 روپے تک فرق پایا گیا ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ صوبے میں تعلیمی سرگرمیوں کے مثبت پہلو بھی موجود ہیں، لیکن بنیادی سہولیات اور اساتذہ کی مالی محرومی کے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔

More News