آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر مریم نواز برہم، 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور

آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر مریم نواز برہم، 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا اور عوام کو سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

دنیا نیوز کے مطابق اجلاس میں فلور ملوں کو سرکاری گندم کی فراہمی کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فلور ملوں کو سرکاری گندم 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی بھی منظور کرلی گئی۔

اجلاس میں مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام کے لیے تکلیف دہ ہے اور حکومت عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوام کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

More News